حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے کے مطابق،قم/سنٹر برائے مواصلات اور بین الاقوامی امور کے مدارس کی جانب سے افغانستان کی حالیہ پیشرفتوں کا جائزہ لینے کے عنوان سے قم میں آیۃ اللہ حائری کے میٹنگ حال میں ایک نشست منعقد ہوئی۔
سینٹر برائے مواصلات اور بین الاقوامی امور کے مدارس کے سربراہ، حجت الاسلام و المسلمین سید مفید حسینی کوہساری نے اس اجلاس میں کہا: "ان دنوں سائبر اسپیس میں چیلنجز اور متضاد افکار سر ابھار رہے ہیں، مدارس کو ان کا جواب دینا چاہئے اور اپنی پوزیشن واضح کرنا چاہئے تاکہ مختلف افراد اور گروہوں کے لئے راہ واضح ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا: "ایران کی سرحدوں کی حفاظت اسلامی جمہوریہ ایران کی سرخ لکیر ہے۔"
اس کے بعد مصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین سید عبدالحمید ثابت نے کہا: "افغانستان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے مختلف امور گفتگو کے لئے موجود ہیں، خود افغانستان کے لوگوں کی شناخت، افغانستان کی تاریخ اور اس ملک میں حالیہ برسوں میں جو سیاسی گروہ تشکیل پائے ہیں انکی شناخت ایک مفصل تجزیہ میں ہماری مدد کرسکتے ہیں۔
اجلاس میں موجود دیگر حوزوی عہدیداروں نے بھی افغانستان کے مسئلے اور ملک میں حالیہ پیشرفت کے بارے میں اپنے خیالات ، تجزیہ اور تجاویز کا اظہار کیا، جس میں کشیدگی اور تشدد کی روک تھام پر زور دیا ، اور ساتھ ہی ساتھ ملک کو استحکام بخشنے پر تاکید کی۔